Thursday, April 18, 2024

حکومت کا ترین گروپ سے پھر رابطہ، وزیراعلیٰ کیلئے پرویز الہٰی کی حمایت کی درخواست

حکومت کا ترین گروپ سے پھر رابطہ، وزیراعلیٰ کیلئے پرویز الہٰی کی حمایت کی درخواست
March 29, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی، حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے رابطہ کرکے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے لیے حمایت کرنے کی درخواست کردی، ترین گروپ مشاورت کرکے لائحہ عمل دے گا۔

تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال میں سیاسی رابطے بھی تیز ہوگئے، حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے رابطہ کیا ہے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر اطلاعات فواد چودھری نے عون چودھری کو فون کرکے حکومتی فیصلوں کو سپورٹ کرنے کی درخواست کی۔

ذرائع کے مطابق پرویزخٹک نے کہا کہ آپ کے مطالبات تسلیم ہوچکے،اب پارٹی اقدامات کی حمایت کریں، ان کا کہنا تھا کہ ترین گروپ کو اہم وزارتیں دی جائیں گی، دیگر تحفظات کو بھی فوری طور پر دور کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومتی ٹیم نے درخواست کی کہ وزیر اعلی کے منصب کے لیے ترین گروپ چودھری پرویز الہی کی حمایت کرے۔

عون چودھری نے کہا کہ مشاورت مکمل کرکے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔