Thursday, May 2, 2024

حکومت کا ایک بار پھر فلم انڈسٹری کی بحالی کا اعلان

حکومت کا ایک بار پھر فلم انڈسٹری کی بحالی کا اعلان
June 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت نے ایک مرتبہ پھر فلم انڈسٹری کی بحالی کا اعلان کر دیا۔ جہاں فلم کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دیا گیا وہیں انڈسٹری کی تعمیر و ترقی کیلئے کئی اہم اعلانات بھی کیے گئے ۔ فنکار برادری نے جہاں اسے خوش آئند قرار دیا وہیں ان اعلانات پر عمل درآمد کی امیدیں بھی وابستہ کر لیں۔

مالی سال 23-2022 کے بجٹ میں فلمی صنعت کیلئے بہتری کیلئے اعلانات کیے گئے ہیں۔ فلم کو جہاں باقاعدہ صنعت کا درجہ دیا گیا ہے وہیں حکومت کی جانب سے فلم سازوں کیلئے 5 سالہ ٹیکس چھوٹ دی جا رہی ہے جبکہ سینماگھروں، پروڈکشن ہاؤسزاورمیوزیمزکیلیےانکم ٹیکس میں چھوٹ ہوگی۔

بجٹ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فلم اور ڈراموں کی برآمد پر ٹیکس میں چھوٹ ہو گی اور سینما گھروں کے مالکان اور پروڈیوسرز کی آمدن کو ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا، اس کے علاوہ ایسے تمام منصوبے جن کی 70 فیصد شوٹنگ پاکستان میں ہو انہیں کو سی ایس آر کا درجہ دیں گے، جبکہ فلم ڈسٹربیوٹر اور پروڈیوسرز پر 8 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے اس حوالے سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ہدایتکارہ سنگیتا، سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی، اداکار اور ڈائریکٹر یاسر حسین نے کہا فلم انڈسٹری بھی حکومت کو ریونیو دیتی ہے اس حوالے سے صرف اعلانات نہ کیے جائیں اس پر عمل بھی کیا جائے۔

فلمی صنعت کیلئے یہ اعلانات تو خوش آئند ہیں لیکن دیکھنا یہ ہے اس پر عمل کس حد تک کیا جاتا ہے کیونکہ سابقہ ادوار میں بھی بجٹ صرف اعلانات تک ہی محدود تھا۔ فنکار برادری بھی پر امید ہے کہ ان کی بھی داد رسی ہو سکے گی۔