Thursday, April 25, 2024

حکومت کا گیس کی قیمت پھر بڑھانے کا فیصلہ

حکومت کا گیس کی قیمت پھر بڑھانے کا فیصلہ
July 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت نے گیس کی قیمت پھر بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ ای سی سی نے اوگرا کی سمری کی منظوری دے دی۔

پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر کابینہ کی اقتصادی کمیٹی نے50 کیوبک میٹر تک کے سب سے کم رہائشی سلیب کیلئے گیس کے نرخ 121 سے بڑھا کر 171 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دے دی جس سے صارفین کے ماہانہ بلوں میں 36 فیصد اضافہ ہو گا جب کہ 100 کیوبک میٹر کا اگلا سلیب 300 روپے فی یونٹ پر برقرار رہے گا۔

200 کیوبک میٹر کے تیسرے سلیب اور 300 کیوبک میٹر کے چھوتے سلیب کی قیمتوں میں 151 فیصد اضافہ کردیا گیا۔  تیسرا سلیب اب 696 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور چوتھا سلیب 1,856 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہو جائے گا۔

آخری موجودہ سلیب کو 400 کیوبک میٹر کی ماہانہ کھپت کے ساتھ تمام صارفین کیلئے ایک میں ضم کر دیا گیا۔ 400 کیوبک میٹر تک استعمال کرنے والوں سے فی یونٹ ایک ہزار107 روپے وصول کیے جاتے ہیں جنہیں اب 335 فیصد اضافے کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان کے بلوں میں 346 فیصد اضافہ ہو گا جبکہ 400 کیوبک میٹر سے اوپر کی ماہانہ کھپت والے صارفین کو ایک ہزار 460 روپے کی جگہ3ہزار712 روپے فی یونٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نظرثانی شدہ نرخوں کا نوٹیفکیشن عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد وفاقی کابینہ کی توثیق کے بعد جاری کیا جائے گا۔