Saturday, April 20, 2024

حکومت کا انتخابی اصلاحات کا دعویٰ تاخیری حربہ ہے، شاہ محمود قریشی

حکومت کا انتخابی اصلاحات کا دعویٰ تاخیری حربہ ہے، شاہ محمود قریشی
May 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا ہے کہ حکومت کا انتخابی اصلاحات کا دعویٰ تاخیری حربہ ہے انتخابی اصلاحات کا لالی پاپ منظور نہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام عمران خان کے ساتھ ہے، فوری الیکشن مسئلے کا حل ہے۔ ہم نے آئینی اصلاحات پر پہلے بھی تعاون کیا تھا، اگر حکومت الیکشن کا اعلان کرتی ہے تو شفاف الیکشن کے لیے بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں۔

شاہ محمود نے کہا کہ 20 منحرف اراکان کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، کل ہمارے وکلاء نے منحرف ارکان سے متعلق موقف پیش کیا، پارٹی کا موقف پیش کرنا میرا فرض تھا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں۔ ہم فارن فنڈنگ کیس سمیت دیگر کیسز میں امتیازی سلوک نہیں چاہتے، امید ہے الیکشن کمیشن ہمیں مایوس نہیں کرے گا۔

بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی عالمی سطح پر درست ترجمان نہیں کر پارہا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اب وزیر خارجہ ہیں وہ کبھی کبھی وزارت خارجہ بھی چلے جایا کریں کیا بلاول نے پاکستان کے پانی کے مسائل پر کسی فورم پر آواز اٹھائی؟ آج کس کے کہنے پر بھارت سے تجارت بحال کررہے ہیں؟ قبلہ اول پر حملے کے بعد بلاول نے کوئی بیان دیا؟ بلاول آپ اخلاقی ہمت پیدا کریں اور بتائیں کس وفاقی وزیر نے آپ کو دھمکی دی؟

سابق وزیر خارجہ بولے کہ حکومت کو ائے ابھی ایک ماہ ہوا ہے لیکن ڈالر سات روپے مہنگا ہواسٹاک مارکیٹ میں مندی ہے اور ڈالر 190 کو چھورہا ہے۔ ایک ماہ میں پاکستان مزید مقروض ہوگیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ انڈرسٹینڈنگ کے بعد بجلی کے نرخ مزید مہنگے کردئیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آئینی بحران ہے، اگر پنجاب کے ایم پی ایز کو ڈی سیٹ کیا جاتا ہے تو حمزہ شہباز اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اب تک جتنے فیصلے کئے ان کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ یوسف رضاگیلانی والے کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کیا، الیکشن کمیشن نے علی حیدر کو ذمے دار ٹھہرایا۔ اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ آفیسر کو کہا تھا کہ فوجداری مقدمہ بنایا جائےتوقع کرتا ہوں الیکشن کمیشن فیصلے پر عملدرآمد کروائے گا۔

ادھر سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں ایف آئی اے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے مقدمات واپس لینے کا ارادہ رکھتی ہے، کسی کو حق نہیں پہنچتا پاکستانی عوام کے پیسوں کے کیسز واپس لے۔ ابھی تو ڈاکٹر رضوان کی قبر کی مٹی نہیں سوکھی اور مقدمات واپس ہونا شروع ہوگئے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے اداروں کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کردی۔