Friday, March 29, 2024

حکومت جاتی ہے جائے، اپوزیشن کو نہیں چھوڑوں گا، وزیر اعظم عمران خان

حکومت جاتی ہے جائے، اپوزیشن کو نہیں چھوڑوں گا، وزیر اعظم عمران خان
March 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے جان جاتی ہے جائے، حکومت جاتی ہے جائے لیکن اپوزیشن کو نہیں چھوڑوں گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے پریڈ گراؤنڈ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں پر تاک تاک کے نشانے رکھے، کہا میرے خلاف تین چوہوں میں ایک چیری بلاسم ، دوسرا ڈیزل تیسرا بیماری ہے۔ حکومت گرانے کے لیے پیسہ لگایا جا رہا ہے ۔ ضمیروں کا سودا ہو رہا ہے۔ دعوے سے کہتا ہوں میرے ساڑھے تین سالوں میں جتنا کام ہوا پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت بدلنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ باہر سے کئی جگہوں سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ لکھ کر دھمکی دی گئی۔ خط موجود ہے۔ بیرونی سازش کی مزید باتیں مناسب وقت پر سامنے لائیں گے۔ قوم جاننا چاہتی ہے لندن میں بیٹھا شخص کس سے ملتا ہے؟ پاکستان میں کردار کس کے کہنے پر چل رہے ہیں؟ آج ذوالفقار بھٹو والا دور نہیں، وقت بدل چکا، کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔ حکومت جاتی ہے جائے،، جان جاتی ہے جائے لیکن انہیں معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا پانچ سال مکمل کریں گے تو عوام دیکھیں گے کتنی تیزی سے غربت کم کی۔ پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا۔ موجودہ دور میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ترسیلات زر آئیں۔ کنسٹرکشن، صنعتوں، زراعت نے ترقی کی۔ پچاس سال بعد بڑے ڈیمز بنا رہے ہیں۔ ورلڈبینک کی رپورٹ کے مطابق سب سے کم بیروزگاری پاکستان میں ہے۔ قوم کو اندازہ ہی نہیں پاکستان کتنا امیر ملک ہے۔ دنیا میں سب سے بڑی سونے کی کانیں پاکستان میں ہیں۔ ہم لاہور کو بچانے کے لیے راوی سٹی کے نام سے نیا شہر بنا رہے ہیں۔ نئے شہر میں دو کروڑ درخت لگائیں گے۔ واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے۔ لاہور کے پرانے ایئرپورٹ پر سنٹرل بزنس ڈسرکٹ بنا رہے ہیں۔ پہلے لوگ دبئی جاتے تھے اب لاہور کے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ جائیں گے۔ شیخ رشید کے لیے بھی خوشخبری ہے، نالہ لئی پراجیکٹ بنا رہے ہیں۔ نالہ لئی کے ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی بنیں گے۔ تمام بڑے شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔ ملک میں سیاحت کو فروغ دے کر باہر سے پیسہ لا کر دکھاؤں گا۔ سب سے زیادہ ملک میں نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کروں گا۔