Friday, April 26, 2024

حکومت امریکا کے ڈر سے روس سے سستا پٹرول نہیں خرید رہی، شوکت ترین

حکومت امریکا کے ڈر سے روس سے سستا پٹرول نہیں خرید رہی، شوکت ترین
July 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کہتے ہیں حکومت امریکا سے ڈرتی ہے اس لئے روس سے سستا پٹرول نہیں خرید رہی۔

جمعرات کے روز مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں، عوام کو ریلیف ملنا چاہئے۔

پی ڈی ایم کے 90 روزہ حکومت کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے 17 سالوں میں اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی پی ٹی آئی کی حکومت میں ہوئی یہ بات ریکارڈ پر ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں 2 روپے بڑھتے تھے تو مارچ کرتے تھے۔ مزید کہا کہ انہوں نے نیب کو ختم کرنے کی کوشش کی۔

سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے مہنگائی کی شرح 40 فیصد تک جانے کا خدشہ ظاہر کردیا، کہتے ہیں ملک میں مہنگائی کا 14 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا، اس حکومت کو کوئی پیسے دینے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینسی ٹیو پرائز انڈیکس میں بھی مہنگائی کا گراف انکی حکومت میں اوپر جارہا ہے۔ ہول سیل پرائس انڈیکس بتارہا ہے 39 فیصد کی شرح پر ہے، جو ہم نے عام اور غریب افراد کے پروگرام شروع کیے تھے وہ اس حکومت نے بند کردئیے، کامیاب جوان کاروبار پروگرام کیلئے قرضے جاری تھے وہ بند کردئیے۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اس وقت شہروں میں 4 سے 8 گھٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا یکم مئی سے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، اب وہ کہہ رہے ہیں لوڈشیڈنگ چلتی رہے گی، بجلی کے پلانٹ بند ہیں۔

اس وقت ٹیکسٹائل ،آٹو موبائل اور آئل انڈسٹری بند ہورہی ہے، ایکسپورٹس اب گرنا شروع ہوگئی ہے، 13 انڈسٹریز پر سپر ٹیکس لگا دئیے ہیں، 80 ارب روپے کا بوجھ تنخواہ دار طبقے پر لگا دیا گیا، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ 13 فیصد گرچکی ہے، ڈیزل فرٹیلائزر کی قیمتیں 100 فیصد بڑھ چکی ہیں۔