karachi (92 News) - جوڈیشل مجسٹریٹ نے ہتک عزت کیس میں سوشل میڈیا پر اچھی خاصی شہرت رکھنے والے ساحل عدیم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) شیر محمد نے یہ وارنٹ کیس کے تفتیشی افسر وقار احمد کی جانب سے ساحل عدیم کے خلاف حتمی چارج شیٹ جمع کرانے کے بعد جاری کیا۔
ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 153 (مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا)، 505 (1) (سی) (اُکسانے کا ارادہ) اور 500 (ہتک عزت کی سزا) کے تحت جرائم کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کے پی و دیگر رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
مجسٹریٹ نے آئی او کو ہدایت کی کہ ملزم کو گرفتار کرکے 24 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
ریاستی پراسیکیوٹر عبدالرحمان تھہیم کے مطابق، 12 جولائی کو ایڈوکیٹ عبدالفتاح کی شکایت پر ساحل عدیم کے خلاف سٹی کورٹ پولیس اسٹیشن میں "سندھی کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے" کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس میں کہا گیا ہے کہ ساحل عدیم نے اپنی ایک ویڈیو میں سندھیوں کے خلاف متنازعہ ریمارکس دیئے اور ان کا مذاق اڑایا۔
شکایت کنندہ نے ایف آئی آر میں کہا کہ ساحل عدیم نے "سندھیوں اور پنجابیوں کے درمیان تنازعہ بھڑکانے" کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: لاپتہ شہریوں کا کیس: سندھ ہائیکورت کا اظہار برہمی
دوسری جانب، ساحل عدیم نے 15 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے 20،000 روپے کے ضمانتی مچلکے پر 15 دن کے لیے حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی۔
اگرچہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں کراچی میں مجاز دائرہ اختیار کی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی، لیکن ساحل عدیم تفتیش میں شامل نہیں ہوئے اور نہ ہی متعلقہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی قانون ساز ماروی فصیح نے ایک ٹی وی شو مکالمہ کے دوران خواتین کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز ریمارکس پر ساحل عدیم کے خلاف سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی تھی۔