Friday, April 19, 2024

حسان نیازی کو عدالت نے راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کردیا

حسان نیازی کو عدالت نے راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کردیا
March 26, 2023 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کوکوئٹہ کی عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر لاہور پولیس کے حوالے کردیا۔ حسان نیازی تھانہ ریس کورس میں درج اقدام قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب تھے، حسان نیازی کوکوئٹہ پولیس نے 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا۔

حسان نیازی کو کوئٹہ پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، لاہور پولیس کے تھانہ ریس کورس کی تفتیشی ٹیم بھی کوئٹہ پولیس کے ہمراہ تھی۔لاہور پولیس کی جانب سے عدالت سے ملزم حسان نیازی کے دو روزہ راہداری ریمانڈ کی درخواست کی گئی تاہم عدالت نے ملزم کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا، راہداری ریمانڈ ملنے کے بعد لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم حسان نیازی کو لیکر روانہ ہو گئی۔

لاہور پولیس کے مطابق حسان نیازی تھانہ ریس کورس میں درج اقدام قتل کے ایک مقدمے میں مطلوب تھے، حسان نیازی کی حوالگی کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بلوچستان حکومت کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا جس کے بعد لاہور پولیس ٹیم ملزم کو تحویل میں  لینے کیلئے کوئٹہ پہنچی تھی۔

حسان نیازی کو گزشتہ روز پولیس تھانہ ائیرپورٹ میں درج ایک مقدمے کے سلسلے میں کوئٹہ منتقل گیا تھا تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد کوئٹہ پولیس نے انہیں 3 ایم پی او کے تحت دوبارہ گرفتارکرلیا تھا۔