Thursday, March 28, 2024

حرم پاک میں غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی پروقار تقریب

حرم پاک میں غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی پروقار تقریب
July 30, 2022 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) - حرم پاک میں غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی پروقار تقریب ہوئی۔

کعبہ کو اسلام میں مرکزیت حاصل ہے، کعبہ کو قبلہ مان کر مسلمان اس کی طرف رخ کرکے نماز ادا کرتے ہیں۔ کعبہ کی اس فضیلت کے باعث اس کے غلاف کو بھی خصوصی نسبت حاصل ہو جاتی ہے۔ ہر سال غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روایت مدت سے چلی آتی ہے۔

ہرسال ذوالحجہ کے مہینے میں حج کے موقع پرغلاف کعبہ کو تبدیل کیا جاتا ہے مگر اس سال اس روایت کو تبدیل کرکے نئے اسلامی سال کے آغاز پرغلاف کعبہ کی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد کی گئی اور شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کی نگرانی میں غلافہ کعبہ تبدیل کر دیا گیا۔

غلاف کعبہ کا سائز 658 مربع میٹر اوریہ 47 حصوں پر مشتمل ہے۔ ہر حصہ 14میٹر طویل اور 95 سینٹی میٹر چوڑا ہے ،غلاف کعبہ کی تیاری میں 150 کلو گرام خالص سونا اور چاندی کا استعمال کیا گیا ہے،اس کی تیاری میں 2 کروڑ50 لاکھ ریال لاگت آئی ہے۔

غلاف کعبہ شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں 200 افراد پر مشتمل عملے نے تیار کیا،پرانے غلافِ کعبہ کو اُتار کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیا جاتا ہے اور سعودی عرب کا دورہ کرنے والے مسلمان ملکوں کے رہنماؤں کو بطور تحفہ یہ ٹکڑے پیش کیے جاتے ہیں۔