Saturday, April 20, 2024

ہنزہ میں ششپر گلیشیئر سے بننے والی جھیل سے پانی کے اخراج میں کمی

ہنزہ میں ششپر گلیشیئر سے بننے والی جھیل سے پانی کے اخراج میں کمی
May 8, 2022 ویب ڈیسک

ہنزہ (92 نیوز) – گلگت بلتستان کی وادیٔ ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کے اخراج میں کمی واقع ہوگئی۔ 

ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج میں کمی واقع آنا شروع ہوگئی۔ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز پانی کے اخراج سے ہونے والی تباہی کی ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی جس کے مطابق شاہراہِ قراقرم پر بنا حسن آباد پل علی آباد شہر اور حسن آباد گاؤں میں زرعی اور پینے کے پانی کا نظام مکمل تباہ ہو گیا،2 بجلی گھر بھی متاثر ہوئے ہیں۔

شیر آباد گاؤں کے 22 گھروں سے مقامی آبادی کو نکال کر ان گھروں کو خالی کرا لیا گیا ہے، سیلابی ریلے سے ایک جماعت خانے کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے رابطہ کیا اور تمام سرکاری وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کو فوری ریلیف دینے کی ہدایت کردی۔

قمر زمان کائرہ نے زمینی رابطے اور معمولات زندگی بحال کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے متاثرہ علاقے کا دورہ بھی کیا اور شاہراہ کی بحالی سمیت متاثرین کو بھرپور مدد کی یقین دہانی کرائی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جھیل سے پانی کے مکمل اخراج کے بعد عارضی پل تعمیر کیا جائے گا۔