Thursday, March 28, 2024

حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
May 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مسلم لیگ ن کے رہنماء حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کا اقدام اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے حنیف عباسی کے خلاف درخواست جمع کرائی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حنیف عباسی ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزا یافتہ ہیں۔ سیکرٹری کابینہ بتائیں کہ کس قانون کے تحت حنیف عباسی کو تعینات کیا گیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا کہ لاہور ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سزا معطل کر رکھی ہے، مجرم ہونے کا فیصلہ ختم نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ حنیف عباسی کے خلاف 21 جولائی 2012 میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں ٹرائل کورٹ نے 21 جولائی 2018 کو سزا سنائی۔

حنیف عباسی کو 27 اپریل 2022 کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا۔ درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری کابینہ اور محمد حنیف عباسی کو فریق بنایا گیا ہے۔