Friday, April 26, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ، حنیف عباسی کو بطور معاون خصوصی کام سے روکنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ، حنیف عباسی کو بطور معاون خصوصی کام سے روکنے کی استدعا مسترد
May 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – اسلام آباد ہائیکورٹ نے حنیف عباسی کو بطور معاون خصوصی کام سے روکنے کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے شیخ رشید کی درخواست پر وزیر اعظم کو حنیف عباسی کی تعیناتی پر نظر ثانی کا حکم بھی دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شیخ رشید احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شیخ رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں میں جس طرح عدالتوں پر الزام تراشی کی جاتی ہے وہ افسوسناک ہے۔ کیا آپ اور آپ کی اتحادی جماعت پی ٹی آئی کا اسلام آباد ہائیکورٹ پر اعتماد ہے؟ اگر نہیں ہے تو ہم کیس کسی دوسری عدالت بھیج دیتے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے جواب دیا کہ میں یہاں اس لیے پیش ہوا ہو کہ مجھے اس عدالت پر اعتماد ہے۔ میں عمران خان سے بات کرونگا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ دل سے عدالتوں کا احترام ہونا چائیے۔

شیخ رشید احمد کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایک سزا یافتہ مجرم حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنایا گیا اس لئے عدالت کام سے روکنے کا حکم جاری کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیخ رشید کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے جبکہ وزیر اعظم کو حنیف عباسی کی تقرری پر نظر ثانی کا بھی حکم دیدیا۔

صحافیوں سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ میرا بھتیجا روز عدالتوں میں خوار ہورہا ہے۔ اے این ایف کیس میں ملزمان پر وکلاء نے فرد جرم عائد نہیں ہونے دی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے ایک بار بھر ملک کے تمام مسائل کاحل نئے انتخابات کوقرار دیتے نوید سنائی کہ جلد ملک میں الیکشن ہونگے۔