Thursday, April 25, 2024

ہماری ترجیح ہماری تعلیم ہے، وہ ڈرنے والی نہیں، مسکان خان

ہماری ترجیح ہماری تعلیم ہے، وہ ڈرنے والی نہیں، مسکان خان
February 9, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) بھارتی ریاست کرناٹکا کی مسکان خان کا کہنا ہے ہماری ترجیح ہماری تعلیم ہے، وہ ڈرنے والی نہیں۔

92 نیوز سے گفتگو میں نڈر مسکان خان کا کہنا تھا کہ حجاب کے خلاف انتہاپسندی سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، کالج ضرور جائیں گی۔

مسکان خان کے وکیل طاہر حزاب پرامید ہیں کہ وہ عدالت سے سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے معاملہ اٹھانے پر 92 نیوز کی بھی تعریف کی۔

 ادھر بھارتی ریاست کرناٹکا کی مسکان خان عالم اسلام میں جرات کا نشان بن گئی۔ دنیا بھر سے مسکان کیلئے یکجہتی کے پیغامات جاری ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

جمعیت علما ہند نے انتہا پسند ہندو جتھے کے سامنے ڈٹ جانے والی مسکا کو سلام پیش کیا اور سربراہ مولانا محمود مدنی نے مسکان کی بہادری کو سراہا، 5 لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کر دیا۔

انتہاپسند ہندو بھی عدالت کو دباؤ میں لانے کیلئے سرگرم ہیں۔ مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کے غنڈوں نے کالج کے طلبا میں زعفرانی پگڑیاں تقسیم کر دیں۔ سڑکوں پر آنے کی بھی ہدایت کر دی۔

زعفرانی رنگ والی پگڑیاں پہنے آر ایس ایس کے غنڈے زبردستی کلاس روم میں داخل ہوئے اور طالبات کو دھمکایا۔

انتہاپسندوں کے حملے کے پیش نظر کرناٹکا ہائیکورٹ کی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی۔ عدالت واضح کر چکی ہے کہ مذہبی جذبات پر مبنی فیصلہ نہیں سنایا جائے گا۔

ہنگاموں کے پیش نظر کرناٹکا میں اسکول اور کالج 3 دن کیلئے بند ہیں۔ اپوزیشن کی طرف سے بھی بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بی جے پی پر الزام ہے کہ وہ اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے ساتھ ساتھ تشدد کو بھی بھڑکا رہی ہے۔