Friday, September 20, 2024

ہماری سکیورٹی کے سب سے اہم عہدے آرمی چیف کا فیصلہ لندن میں ہو رہا ہے، عمران خان

ہماری سکیورٹی کے سب سے اہم عہدے آرمی چیف کا فیصلہ لندن میں ہو رہا ہے، عمران خان
November 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری سکیورٹی کے سب سے اہم عہدے آرمی چیف کا فیصلہ لندن میں ہو رہا ہے۔

ہفتہ کے روز پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے اہم فیصلے بیرون ملک بیٹھا ایک سزا یافتہ مفرور کر رہا ہے، کسی مہذب ملک میں ایسا نہیں ہوتا ملک کے فیصلے ایک مفرور کرے۔

عمران خان بولے کہ وزیراعظم پانچ دن سے لندن گئے ہوئے ہیں، شہباز شریف کا بیٹا سلیمان شہباز بھی لندن میں بیٹھا ہے، جب تک این آر او نہیں دیا گیا، اسحاق ڈار بھی ملک سے بھاگا ہوا تھا، شہباز شریف نے ایک اخبار پر ہرجانہ کیا، اسے نہیں پتہ تھا کہ برطانوی عدالتیں انصاف کرتی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جہاں عدل وانصاف نہیں ہے وہ معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، وہاں جنگل کا قانون ہوگا۔26 سال پہلے انصاف کی تحریک شروع کی تھی، عدل وانصاف لے کر آئیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز کیوں یہاں پیسہ نہیں لگاتے؟ کیوں کاروبار نہیں کرتے؟ وہ کہتے ہیں کہ یہاں پلاٹ لوتواس پر قبضہ ہوجاتا ہے، تو پیسہ کیسے لگائیں۔ یہ پیسہ چوری کرکے خود تو باہر بھیج رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ عمران خان کون ذمہ دار  ہے اس کا کہ عدم اعتماد سے جو ملک چھوڑ کر گئے تھے وہ کہاں ہے، گروتھ ریٹ میں اضافہ ہورہا تھا، سوچا تھا کہ روس سے سستا تیل لیں گے، انہوں نے آتے ہی مہنگائی آسمان پر پہنچا دی، ہمارے دور میں مہنگائی 16 فیصد تھی، آج 27 فیصد ہے۔