Friday, April 19, 2024

ہم نے تین نسلوں کا حساب دیا جبکہ عمران خان عدالت پیش نہیں ہوتا، مریم نواز

ہم نے تین نسلوں کا حساب دیا جبکہ عمران خان عدالت پیش نہیں ہوتا، مریم نواز
March 13, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہم نے تین نسلوں کا حساب دیا جبکہ عمران خان عدالت پیش نہیں ہوتا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وہ قوم کے بچوں کو مارکھانے کیلئے سڑکوں  پر بھیجتا ہے اور خود چھپ جاتا ہے، جو اپنی بیٹی کا نہیں ہو سکا وہ قوم کی بیٹیوں کا کیسے ہو سکتا ہے؟ جو ظل شاہ کا نہیں ہوسکتا وہ قوم کے بیٹوں کا کیسے ہوسکتا ہے؟

اُن کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے رہنماؤں کو عمران کے دور میں انتقام کا نشانہ بنایا گیا، عمران خان کی اہلیہ نے رشوت لے کر جائیدادیں بنالیں، ملک کو سیاسی پولرائزیشن اور اندرونی خطرات کا سامنا ہے۔

دوسری طرف انتخابات کی تیاریوں سے متعلق چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں مختلف تجاویز پر غور کرکے ان کی منظوری دی گئی۔

شہر کے تمام اہم رہنما اور سابق ارکان اسمبلی ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ پہنچے، اس موقع پر پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مشاورت کی گئی، سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کا بھی آج رات وطن واپس پہنچنے کا امکان ہے جو سیاسی معاملات میں قیادت کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

اجلاس میں خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، عطا تارڑ،صدر مسلم لیگ ن لاہور سیف الملوک کھوکھر اور دیگر نے شرکت کی۔