سکھر (92 نیوز) ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سابق حکومت نے 18 ویں ترمیم پر ڈاکہ ڈالا، اسپتال سندھ حکومت کے حوالے کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کے شکرگزار ہیں۔
سکھر میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے تحت 200 بستروں پر مشتمل چلڈرن اسپتال کا افتتاح کردیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، عذرا پیچوہو، جنوبی کوریا کے سفیر پارک کیجون اور وزیراعظم کے مشیر برائے بیرونی سرمایہ کاری سید فیروز شاہ بھی موجود تھے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی کوریا کے تعاون سے بننے والے چلڈرن اسپتال کے اوپی ڈی بلاک، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور ڈائیگنوسٹک لیب کا دورہ کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چلڈرن اسپتال کی انتظامیہ کو بچوں کے لئے مخصوص دو ایمبولینسوں کی چابیاں حوالے کیں، بلاول بھٹو کو ڈاکٹر سید جمال رضا اور ڈاکٹر دبیر نے چلڈرن اسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی۔
چلڈرن اسپتال کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے 3 بڑے اسپتالوں پر ڈاکہ مارنے کی کوشش کی گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اسپتال سندھ سے چھیننے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے ہمیں عوام کی خدمت کرنا سکھایا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں صحت کی سہولیات مفت ہیں، ہمارا خواب ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں میڈیکل کمپلیکس بنائیں۔ بچوں کی شرح اموات میں کمی کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام کی خدمت کرنا ہی وفاقی حکومت کا فلسفہ ہونا چاہیے۔