Thursday, April 25, 2024

ملک کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوتے ہیں، یہاں چوروں پر پھول پھینکے جاتے ہیں، وزیراعظم

ملک کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوتے ہیں، یہاں چوروں پر پھول پھینکے جاتے ہیں، وزیراعظم
March 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ملک کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوتے ہیں اور یہاں چوروں پر پھول پھینکے جاتے ہیں۔

جمعرات کو اسلام آباد میں رحمت اللعالمین اتھارٹی کو مکمل فعال بنانے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم نے کرپشن کو قبول کرلیا اس لیے اپنے آپ کو تباہ کردیا۔

اُنہوں نے کہا کہ ایک چور اربوں روپے لوٹ کر باہر بھاگ گیا، یہاں کہا جا رہا ہے اسے تقریر کرنے اور الیکشن لڑنے کی اجازت دو، جس قوم کا کردار بڑا نہ ہو وہ قوم بڑی نہیں بن سکتیں۔ 

وزیراعظم عمران خان نے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے نوجوانوں کو سیرت النبیۖ کی تعلیم دینے پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمدۖ کی حیات طیبہ اور تعلیمات ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے کافی ہیں کیونکہ یہ عظمت کا راستہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور کردار سازی ریاست مدینہ کے بنیادی اصول ہیں۔عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا کہ نبی آخرالزمانۖ کی تعلیمات کے فروغ کیلئے رحمت اللعالمینۖ اتھارٹی کی سرپرستی میں ایک مکمل لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے لائحہ عمل پر عملدرآمد کے لئے اتھارٹی سے مکمل تعاون کریں گے جس کا مقصد خاندانی نظام کا تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

رحمت اللعالمین اتھارٹی گزشتہ برس قائم کی گئی تھی جس کا مقصد سیرت طیبہ پر تحقیق کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو سماجی برائیوں سے بچانے کے لئے انہیں حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبینﷺ کی حیات طیبہ اور تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔

اس کے علاوہ ا س ادارے کے قیام کا مقصد عالمی سطح پر اسلام سے متعلق غلط تاثر ختم کرنا اور اسلام کے خلاف پروپیگنڈے کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرنا ہے۔