Friday, March 29, 2024

ہم کسی کے سامنے جھکے نہ سلیکٹڈ کے سامنے جھک سکتے ہیں، بلاول بھٹو

ہم کسی کے سامنے جھکے نہ سلیکٹڈ کے سامنے جھک سکتے ہیں، بلاول بھٹو
March 26, 2022 ویب ڈیسک

پاراچنار (92 نیوز) - پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے ہم کسی کے سامنے جھکے نہ سلیکٹڈ کے سامنے جھک سکتے ہیں۔

پیپلزپارٹی نے ضلع کرم میں میدان لگا لیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاراچنار پہنچ گئے۔ جلسہ گاہ میں پشاور دھماکے کے متاثرین سے بھی ملے۔ پارا چنار اسپورٹس کمپلیکس میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پاراچنار پہنچنے کیلئے کب سے انتظار کر رہا تھا۔ پاراچنار کو بی بی محترمہ منی لاڑکانہ کہتی تھیں۔ پاراچنار کا میرا پہلا دورہ ہے۔ آپ کے پاس بار بار آؤں گا۔ قائدعوام اور محترمہ شہید بی بی کے مشن کو آگے لے کر جانا ہے۔ ہم ذوالفقاربھٹو، بی بی اور ملک بھر کے شہدا کے وارث ہیں۔ ہم کسی کے سامنے جھکے نہ سلیکٹڈ کے سامنے جھک سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا اس کو زبردستی وزیراعظم بنانے کا ظلم نہیں کرنا چاہتے تھا۔ یہ مدینہ کی ریاست نہیں بلکہ اس کی توہین ہے۔ حکومتی وزرا جس زبان سے مدینہ کی ریاست کا نام لیتے ہیں اسی سے گالیاں نکالتے ہیں۔ مدینہ کی ریاست جادو ٹولے سے نہیں چلتی تھی۔ حکومت جانے لگی تو وزیراعظم اور اس کے وزرا گالیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کسان دن بھر محنت کے بعد بھوکا سونے پر مجبور ہے۔ نوجوان ہاتھوں میں ایک نہیں دو دو ڈگریاں لے کے بےروزگار پھر رہے ہیں۔ اس نے کہا تھا کہ خودکشی کرلوں گا، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا۔ وزیراعظم بننے کے بعد سیدھا آئی ایم ایف کے دروازے پر گیا۔ اس نے ہر جھوٹا وعدہ کیا۔ 50 لاکھ گھر اور نوکریاں کہاں ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا یہ آپ کا نہیں کسی اور کا وزیراعظم ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کے ساتھ ناانصافی کی۔ قائد عوام سے لیکر آج تک پیپلزپارٹی عوامی جماعت رہی۔ یہ حکومت کو نہیں مانتے، یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے، مل کر اس ملک کو بچانا ہے۔