لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ ہم جڑانوالہ واقعہ پر مسیحی برداری سے شرمندہ ہیں۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی لاہور کے سینٹ انتھونی کیتھولک چرچ میں پریس کانفرنس کے دوران جڑانوالہ واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پورا ملک جڑانوالہ واقعہ پر غمزدہ ہے، اس واقعہ سے صرف مسیحی برادری ہی نہیں، پورے ملک کو زخم پہنچا ہے، انہیں معافی اور شرمندگی جیسے جملے چھوٹے لگ رہے ہیں، مسیحی بچیوں سے شرمندہ ہیں، جنہوں نے رات سڑکوں پر گزاری۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جو کچھ ہوا، یہ نہ تو اسلام کی تعلیمات ہیں اور نہ ہی خاتم النبینﷺ کی، کیونکہ نبی مہربان حضرت محمد ﷺ نے تو خود مسیحیوں کو اپنی مسجد میں عبادت کی اجازت دی تھی۔
حافظ محمد طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ جڑانوالہ جائیں، جتنے چرچ اور گھروں کو نشانہ بنایا گیا، حکومت فوری طور پر ان کو بحال کرے۔