اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اپنے تمام وسائل قوم پرنچھاور کریں گے۔ کفایت شعاری مہم کے تحت 200 ارب روپے کی سالانہ بچت ہوگی۔
جمعرات کے روز اسلام آباد میں یوتھ لون اسکیم کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک بھر کے نوجوانوں کوکاروبار کیلئے قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ نوجوانوں کوقرضے دینا نوازشریف کا وژن تھا، آج جو قرضے دیئے گئے ہیں وہ 2013ء کا تسلسل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسکیم کا آغاز پنجاب سے کیا گیا تھا، 75 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کمانے کے لیے گاڑیاں تقسیم کی گئی تھیں۔ نوجوانوں کیلئے گزشتہ قرض سکیموں کی ریکوری 99 فیصد رہی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں تو انکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ یوتھ لون اسکیم کے کامیاب اجراء پر معاون خصوصی شیزا فاطمہ اور انکی ٹیم کو مباکباد پیش کرتا ہوں۔ یوتھ لون اسکیم کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود نوجوان طبقے کی ہر ممکن مدد کررہے ہیں۔ امید ہے کہ نوجوان فراہم کردہ قرضوں سے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ہمارے نوجوان، بیٹے بیٹیاں ایمانداری سے قرضے واپس کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایم یوتھ لون اسکیم کے تحت چیک بھی تقسیم کیے۔