Saturday, May 18, 2024

ہم اداروں کیساتھ ایک پیج پر رہنا چاہتے ہیں، فواد چودھری

ہم اداروں کیساتھ ایک پیج پر رہنا چاہتے ہیں، فواد چودھری
September 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری کا کہنا ہے ہم اداروں کے ساتھ ایک پیج پر رہنا چاہتے ہیں۔

اتوار کے روز نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا بھی احترام ہونا چاہئے، فیصلے بند کمروں میں نہیں عوام کو کرنے دیں۔

فواد چودھری بولے کہ شہباز شریف اور ان کی کابینہ پر کوئی اعتماد کرنے کو تیار نہیں، اسی لیے لوگ وزیراعظم کو سیلاب متاثرین کیلئے فنڈ نہیں دے رہے۔ عمران خان کو سیلاب متاثرین کیلئے بہت بڑا فنڈ ملا۔ ٹیلی تھون میں ملنے والے فنڈ شفاف طریقے سے خرچ کئے جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا پنجاب اور کےپی میں سیلاب متاثرین کو احسن طریقے سے سنبھالا گیا، سندھ میں سیلاب کے بعد متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جن حلقوں میں سیلاب نہیں آیا، الیکشن کمیشن نے وہاں بھی ضمنی انتخابات ملتوی کردیئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خوردنی تیل اور گھی کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کم ہونے کے باوجود پاکستان میں کم نہیں ہوئیں۔ حکومتی نالائقی کے باعث ملک بھر میں پیناڈول بھی نہیں مل رہی۔