لاہور (92 نیوز) - حکومت کی یقین دہانیاں اور مصدق ملک کی دھمکی بے سود ثابت ہوئی، پنجاب کے متعدد شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہوگئی۔
وفاقی وزیرپٹرولیم کی دھمکی بھی بے اثر رہی، پنجاب کے مختلف شہروں میں پٹرول کا بحران جوں کاتوں ہے، شہری خوار ہونے لگے۔
گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور علی پورچٹھہ میں تاحال پٹرول کی سپلائی بند ہے، شہریوں کو ڈھونڈنے سے بھی بہت پٹرول نہیں مل رہا ہے۔
چیچہ وطنی میں بھی سپلائی بند ہے، پٹرول پمپس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پٹرول کمپنی کو پے منٹ جمع کروانے کے باوجود پٹرول فراہم نہیں کیا جا رہا۔
قصور، اوکاڑہ، ہجرہ شاہ مقیم اور گردونواح میں بھی تاحال پٹرول کی سپلائی بند ہے، جہاں پٹرول مل رہا ہے وہاں من مرضی کے ریٹ اور مقدار مقرر کی گئی ہے۔
کوٹ رادھا کشن، رینالہ خورد اور عارف والا اور شاہ کوٹ میں بھی 70 فیصد پمپس نے تاحال پٹرول کی فراہمی بند رکھی ہے۔
نارووال اور علی پو چٹھہ میں بھی پٹرول نایاب ہونے سے شہری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔