Friday, April 26, 2024

حکومتی اتحادی جماعتوں کے بغیر بھی عدم اعتماد پیش کرنے پر اپوزیشن قائدین کا اتفاق

حکومتی اتحادی جماعتوں کے بغیر بھی عدم اعتماد پیش کرنے پر اپوزیشن قائدین کا اتفاق
March 2, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومتی اتحادی جماعتوں کے بغیر بھی عدم اعتماد پیش کرنے پر اپوزیشن قائدین کا اتفاق ہو گیا۔

آصف زرادی اور مولانا فضل الرحمن اسلام آباد میں موجود ہیں جہاں انہوں نے سیاسی رابطے تیز کر دیئے۔ اپوزیشن رہنماؤں کی تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے قانونی و آئینی پہلوؤں پر مشاورت جاری ہے۔

اپوزیشن قائدین نے اتفاق کیا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعتوں کے بغیر بھی تحریک عدم اعتماد پیش کی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے حکمت عملی کے تحت پہلے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے ریکوزیشن دینے کا فیصلہ کر لیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضی کہتے ہیں مارچ کے وسط تک تحریک عدم اعتماد پیش کر دیں گے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے دوران اپوزیشن مشترکہ طور پر عدم اعتماد کی موشن پیش کرے گی۔ اسپیکر 3 سے 7 روز کے اندرموشن کو نمٹائیں گے۔ اپوزیشن کوعدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 10 ارکان کی حمایت درکار ہے۔

اپوزیشن نے دعوی کیا ہے کہ حکومت کے 25 ناراض ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ پیپلز پارٹی نے 5 حکومتی اتحادی اور ناراض ارکان جبکہ جے یوآئی نے 2 ناراض ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن کا حکومت کے مزید 5 ارکان کو توڑنے کے لیے جوڑ توڑ جاری ہے۔ قومی اسمبلی میں حکومتی اتحاد کی 179 جبکہ اپوزیشن اتحاد کی 162 نشستیں ہیں۔