Friday, March 29, 2024

حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کی اجازت دے، ہیومن رائٹس واچ

حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کی اجازت دے، ہیومن رائٹس واچ
March 17, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - عالمی ادارے ’ہیومن رائٹس واچ‘ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر چلے اور عدم اعتماد کی تحریک پر دھمکیوں یا تشدد کے بغیر ووٹنگ کی اجازت دے۔

ایشیاءکے لئے ایسویسی ایٹ ڈائریکٹر پیٹریشیا گوسمین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے جمہوری ادارے ایک نئے خطرے کا سامنا کررہے ہیں۔ 8 مارچ کو اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کو ہٹانے کے لئے پارلیمان میں عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی ہے۔ جواب میں حکومتی اراکین کی طرف سے تشدد کی دھمکیاں دی گئیں یہ صورتحال خطرناک تصادم سے دوچار ہونے کی طرف جارہی ہے۔

ڈائریکٹرہیومین رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو اپنے حامیوں کو بھرپور پیغام دینا چاہئے کہ وہ جمہوری عمل کو سبوتاژ نہ کریں ۔ دونوں اپنے حامیوں سے کہیں کہ اشتعال یا کسی مجرمانہ اقدامات سے ووٹ کو مجروح نہ کریں۔

پیٹریشیا گوسمین کا کہنا ہے کہ  پارلیمانی ووٹنگ جمہوریت کا بنیادی اصول ہے، ممکنہ طور پر تشدد پر مبنی تصادم کے لئے سٹیج تیار ہوگیا ہے۔ اسے روکنے کی کوششیں ایک ایسے ادارے کے لئے مزید خطرہ ہیں جو نمائندہ حکومت اور قانون کی بالادستی کے لئے کلیدی ہے۔