Friday, April 19, 2024

حکومت نوازشریف کو واپس لا کر رہے گی، حسان خاور

حکومت نوازشریف کو واپس لا کر رہے گی، حسان خاور
February 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے حکومت نوازشریف کو واپس لا کر رہے گی۔

حسان خاور نے کہا نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ نواز شریف کی طرح انکے ڈاکٹر بھی سچ بولنے سے قاصر ہیں ۔ بچہ بچہ جانتا ہے نواز شریف کی بیماری کی حقیقت کیا ہے۔ اس وقت نہ تو نوازشریف واپس آنا چاہتے ہیں تاکہ جیل کا سامنا نہ ہو اور نہ ہی شہباز شریف ان کو واپس لانا چاہتے ہیں تاکہ وہ خود کھل کے کھیل سکیں لیکن حکومت نواز شریف کو واپس لا کے رہے گی۔ عوام اور اشرافیہ کے لیے دو مختلف قانون نہیں ہو سکتے۔

حسان خاور نے کہا وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نمبر ون وزیراعلی ہیں۔ بزدار حکومت نے ن لیگ کی طرح صرف مخصوص علاقوں پر نہیں بلکہ پورے پنجاب کی ترقی پر زور دیا ہے۔ بغیر فوٹو شوٹ کے بہترین کارکردگی سے وزیر اعلی عثمان بزدار نے وزیراعظم اور قوم کے دل جیت لیے ہیں لیکن اپوزیشن پرفارمنس پر نہیں بلکہ سازشوں پر سیاست کرنا چاہتی ہے ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ کراچی کیساتھ سوتیلوں والا سلوک کیا۔ کراچی کی عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ پی پی بلدیاتی نظام میں بھی کراچی والوں کیساتھ ہاتھ کر گئی۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا اگلے الیکشن میں پی پی مزید سکڑ کر لاڑکانہ تک محدود ہو جائے گی۔ 11 سو ارب کے پیکج سے پی ٹی آئی حکومت کراچی کی تقدیر بدل رہی ہے۔ گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبہ وزیراعظم عمران خان کا کراچی کی عوام کیلئے بڑا تحفہ ہے۔