Thursday, April 18, 2024

حکومت نے پٹرول 6 روپے 72 پیسے فی لٹر مہنگا کردیا

حکومت نے پٹرول 6 روپے 72 پیسے فی لٹر مہنگا کردیا
August 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مہنگائی سے پریشان شہریوں کیئے پٹرول مزید مہنگا ہوگیا، حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لٹر اضافہ کردیا۔

نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 233 روپے 91 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے فی لٹر کمی کی گئی، نئی قیمت 244 روپے 44 پیسے فی لٹر مقرر کردی۔

مٹی کا تیل ایک روپے67 پیسے فی لٹر سستا ہو کر قیمت 199 روپے 40 پیسے ہوگئی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 43 پیسے فی لٹر اضافے سے قیمت 191 روپے 75 پیسے مقرر کردی گئی۔

ملک بھر میں نئی قیمتوں کا اطلاق شروع ہوگیا، وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

پٹرولیم کی بڑھتی قیمتوں پر عوام شدید نالاں نظر آئے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میاں صاحب نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی اور یہاں تک کہ دیا کہہ میں مزید ایک پیسے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتا اور اگر حکومت کی کوئی مجبوری ہے تو میں اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں۔

پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری کہتے ہیں کہ حکومت کی طرف سے تیل کی قیمت میں اضافہ کوئی انہونی بات نہیں یہ حکومت،پاکستان کے عوام کو جب جوابدہ ہی نہیں تو ان سے یہ توقع کہ وہ فیصلہ سازی میں عوام کا مفاد سامنے رکھیں گے خام خیالی ہو گی۔

وزیرِخزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہم نے پٹرولیم مصنوعات پر ایک روپیہ بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا۔ کہا کہ جو قیمتیں بڑھی ہیں یا کم ہوئی ہیں،صرف پی ایس او کی خرید کے مطابق کم ہوئی ہیں یا بڑی ہیں۔