Wednesday, April 24, 2024

حکومت مکمل ہوش کھو بیٹھی ہے، فواد چودھری

حکومت مکمل ہوش کھو بیٹھی ہے، فواد چودھری
September 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - فواد چودھری کا کہنا ہے حکومت مکمل ہوش کھو بیٹھی ہے۔ یہ لوگ بہت خوفزدہ ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد میں کنٹینرز لگانے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے شدید تنقید کی۔ فواد چودھری  اور شیخ  رشید نے وفاقی حکومت   کو آڑے ہاتھوں لیا۔

فواد چودھری نے ٹویٹ  کیا  کہ   حکومت مکمل ہوش کھو بیٹھی ہے۔ تحریک انصاف نے اسلام آباد بند کرنے کی ابھی کال ہی نہیں دی ۔ اتنے خوفزدہ لوگ شاید ہی اسلام آباد نے پہلے دیکھے ہوں ۔ الیکشن کراؤ اور لوگوں کو فیصلہ کرنے دو۔

 ادھر سابق وفاقی وزیر ریلوے  شیخ رشید نے بھی   ٹویٹر  کا سہارا  لیا، کہا ابھی عمران خان کی کال نہیں آئی، سینکڑوں کنٹینرز اسلام آباد آ گئے۔ 30 ہزار کی نفری طلب کر لی گئی  ۔ حکمرانوں کی سوچ اسلام آباد کو پانی پت کا میدان بنانا چاہتی ہے۔ عوام کا فیصلہ دو ٹوک ہے، الیکشن کراؤ اورگھر جاؤ۔

سابق وفاقی وزیر ریلوے  شیخ رشید نے اپنے ٹویٹر پیغام میں مزید لکھا کہ وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جا سکتی ہیں۔ پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔ الیکشن ہی ملکی استحکام کا واحد حل ہے۔ الیکشن کی طرف جانا ہے یا بند گلی میں؟ فیصلہ ہونے والا ہے۔ لوگ سیلاب اور ڈینگی سے مر رہے ہیں، یہ امریکا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں قیام کر رہے ہیں۔