Thursday, April 25, 2024

حکومت کی طرف سے ادویہ کی قیمتیں بڑھانے سے انکار، ادویہ ساز ناراض

حکومت کی طرف سے ادویہ کی قیمتیں بڑھانے سے انکار، ادویہ ساز ناراض
September 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت کی طرف سے ادویہ کی قیمتیں بڑھانے سے انکار پر ادویہ ساز ناراض ہو گئے۔ کمپنیوں نے سستی ادویہ کی پیداوار بند کر دی۔

میڈیسن مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے مطابق غیر ملکی دوا ساز کمپنیوں نے ڈالر مہنگا ہونے پر بیرون ملک سے آنے والے خام مال کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے حکومت سے دواؤں کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم کابینہ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارش کے باوجود 100 سے زائد سستی ادویات کی قیمتیں بڑھانے سے انکار کردیا ہے، جس کے بعد کمپنیوں نے پیداوار روک دی ہے۔

ہول سیلرز کے مطابق مقامی کمپنیاں یہ دوائیں بلیک میں فروخت کر رہی ہیں جس کی وجہ سے قیمتیں اور بڑھ گئی ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے سٹورز کے خلاف کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

پاکستان فارماسوٹیکل اینڈ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین قاضی منصور دلاور نے 92 نیوز کو بتایا کہ  غیر ملکی دوا ساز کمپنی جی ایس کے سمیت اکثر کمپنیوں نے پاکستان میں 100 سے زائد سستی ادویات کی پیداوار بند کی ہے جس میں پیناڈول اور پیراسٹامول جیسی دوائیں بھی شامل ہیں۔