Saturday, May 4, 2024

حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
December 31, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی حکومت نے نئے سال کے آغاز پر پٹرولیم قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ 

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ قیمتیں یکم جنوری 2023 سے لاگو ہوں گی اور اگلے 15 دنوں سے 15 جنوری 2023 تک لاگو رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر عام آدمی بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینے اور گھریلو سطح پر ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ڈیزل کی قیمت موجودہ سطح پر برقرار رہے گی اور یہ موجودہ قیمت 227.80 روپے فی لیٹر، پیٹرول 214.80 روپے فی لیٹر، مٹی کا تیل 171.83 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 169.00 روپے فی لیٹر پر دستیاب ہوگا۔

عالمی منڈیوں میں پٹرولیم کی قیمتوں میں ردوبدل کے پیش نظر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 8.76 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7.73 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی ہے تاہم حکومت نے اس کے خلاف فیصلہ کیا ہے۔ تیل کی دیگر مصنوعات کی موجودہ قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔