Sunday, May 5, 2024

حکومت کا نشانہ عمران خان ہیں، ان کیخلاف مہم چلائی جا رہی ہے، اسد عمر

حکومت کا نشانہ عمران خان ہیں، ان کیخلاف مہم چلائی جا رہی ہے، اسد عمر
September 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - رہنما تحریک انصاف اسد عمر کا کہنا ہے حکومت کا نشانہ عمران خان ہیں ۔ ان کیخلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ آرمی چیف جیسے اہم عہدے کی تقری امپورٹڈ حکومت نہیں کر سکتی۔ سیاسی انتشار کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہیں اور سیاسی عدم استحام کے خاتمے کیلئے ہم بات کرنے کو تیار ہیں۔ عمران خان کو کسی ڈیل کی ضرورت نہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کی رہائش گاہ پر ایک ویب سائٹ نامنظور ڈاٹ کام کا بہانہ بنا کر چھاپہ مارا گیا۔ حکومت اس ویب سائٹ کو غیر قانونی قرار دے رہی ہے۔ اس معاملے کو ہائی کورٹ میں چیلینج کریں گے۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر واضح کریں کہ وہ دیگر سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کا حساب کب لیں گے۔ عمران خان عدالتوں پر حملے اور ججز کے درمیان تفریق پیدا کرنے والی شخصیت نہیں بلکہ انھوں نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلے کو مانا ہے۔۔ فضل الرحمان سمیت پورا امپورٹڈ نظام الیکشن سے فرار کا راستہ اختیار کر رہا ہے۔