Thursday, April 18, 2024

حکومت کا اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹا 50 فیصد مقرر کرنے کا فیصلہ

حکومت کا اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹا 50 فیصد مقرر کرنے کا فیصلہ
March 4, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت نے اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹا 50 فیصد مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ بقیہ 50 فیصد کوٹا سرکاری اور نجی حج اسکیم کیلئے مختص کیا جائے گا۔ سرکاری حج اسکیم کی درخواست وصولی 13 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے ملاقات کی جس میں حج پالیسی، اسپانسر شپ اسکیم، سعودیہ میں رقوم کی ادائیگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حجاج کے لیے زرمبادلہ کے انتظام کا عندیہ دے دیا اور کہا ہے کہ اللہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔

ذرائع کے مطابق موجودہ ڈالر کے ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے، آئندہ ہفتے کابینہ سے منظوری ملتے ہی وزیر مذہبی امور حج درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹا 50 فیصد مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے دیگر 50 فیصد حج کوٹا سرکاری اور نجی حج اسکیم کے لیے مختص کیا جانے کا اصولی فیصلہ ہے۔

حج اسپانسر شپ اسکیم صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے عزیز و اقارب کے لیے ہے۔ بیرون ملک سے مخصوص اکاؤنٹ میں غیر ملکی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اسپانسر شپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازم ہو گا جب کہ ریگولر حج اسکیم کے تحت پاکستانی نامزد بینکوں میں حسب سابق حج درخواستیں جمع ہوں گی۔