اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے فنڈز کی ترسیل تیز کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیر خزانہ نے دونوں عالمی مالیاتی اداروں کے حکام سے رابطہ کیا اور فنڈز کی ترسیل تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کو کم از کم 2.5 ارب ڈالر امپورٹ بل کی ادائیگی کیلئے درکار ہیں۔ اس سطح پر ذخائر کی کمی کے باعث ڈالر کی قیمت میں اضافے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت کو آئندہ دو ہفتوں میں2.5 ارب ڈالر نہ ملے تو صورتحال بگڑ سکتی ہے جبکہ بانڈز پر رقم کی ادائیگی میں بھی اب صرف 3 ہفتے رہ گئے ہیں۔ بانڈز اور امپورٹ کی ادائیگیاں نہ ہونے پر معاشی بحران میں مذید اضافہ ہو گا۔ بحران سے نمٹنے کیلئے چین، سعودی عرب، قطر، امارات اور ترکی سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔