Tuesday, April 23, 2024

حکومت جا چکی، خدا حافظ کہنے اسلام آباد جا رہے ہیں، مریم نواز کی مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب

حکومت جا چکی، خدا حافظ کہنے اسلام آباد جا رہے ہیں، مریم نواز کی مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب
March 26, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے مہنگائی مکاؤ مارچ کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جا چکی اسے خدا حافظ کہنے اسلام آباد جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا وہ جب اسلام آباد پہنچیں گے تو حکومت کا خاتمہ ہو چکا ہوگا، حکومت کے اپنے ارکان چھوڑ گئے، اتحادی کیوں ساتھ رہیں گے، عمران خان دو دو سیٹوں والوں کی منتیں کر رہا ہے لیکن کامیابی نہیں ہوگی۔

 ماڈل ٹاؤن سے روانہ ہونے والا نون لیگ کا مارچ لاہور کی سڑکوں پر رواں دواں ہے۔ حمزہ شہباز بھی مریم نواز کے ہمراہ موجود ہیں۔

دوسری طرف شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی مکاؤ مارچ میں شرکت کی اپیل کر دی، کہا قائد محمد نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں اور مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں ۔ مریم نواز اور حمزہ شہباز کے ساتھ نکلو اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو ۔ مہنگائی مکاؤ مارچ عوام کو ہر روز کی مہنگائی سے نجات دلائے گا ۔ عوام جان لیں، ان کا حق موجودہ کرپٹ نالائق حکمران کھا گیا، وہ نہ نکلے تو پورا پاکستان کھا جائے گا ۔