Wednesday, May 8, 2024

حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں لیکن استعفی کسی صورت نہیں دینگے، وزیراعظم عمران خان

حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں لیکن استعفی کسی صورت نہیں دینگے، وزیراعظم عمران خان
March 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں لیکن استعفی کسی صورت نہیں دینگے۔

وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ابھی تو لڑائی شروع ہی نہیں ہوئی تو استعفیٰ کہاں سے آ گیا۔ مجھے تو سمجھ نہیں آتی استعفے کی بات کیوں کی جا رہی ہے۔ حکومت چھوڑنے کیلئے تیار ہوں لیکن انہیں استعفیٰ نہیں دونگا۔ ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کو سرپرائز ملے گا۔ انہوں نے کہا شہباز شریف مجرم ہیں، اسکے ساتھ کیوں بیٹھوں گا۔ شریفوں اور زرداری نے طاقت میں آکر صرف پیسہ بنانا ہے۔ زرداری اور شریف برادران کرپشن کے برینڈز ہیں۔ زرداری اور شریفوں کا کوئی نظریہ نہیں۔ حکومت گر گئی تو چپ نہیں بیٹھوں گا۔ چوروں کا جتنا بھی پریشر ہو آخری بال تک لڑنے والا ہوں۔ اگر کوئی پارٹی رکن ناراض ہے تو استعفیٰ دے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا اپنے کارڈ آخری روز شو کروں گا۔ ہو سکتا ہے اپوزیشن کے لوگ ہی ہم سے آ ملیں۔ عدم اعتماد کی تحریک کسی صورت کامیاب نہیں ہو گی۔ حکومتی اتحادی آخری وقت پر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے چودھری نثار سے ملاقات کی تصدیق بھی کی اور کہا جو بھی فیصلہ کرنا ہے چوہدری نثار خود کرینگے۔

وزیراعظم بولے نیوٹرل والی بات کا غلط مطلب لیا گیا۔ کسی سے کوئی دوریاں نہیں۔ آرمی چیف سے دوریوں کی بات غلط ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی سیاست صرف اپنی چوری کو بچانا ہے۔ چوہدری نثار سے کافی پرانا تعلق ہے۔ کیا لڑائی سے پہلے ہاتھ کھڑے کردوں ؟ فضل الرحمان سیاست کے بارویں کھلاڑی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان مزید بولے تحریک عدم اعتماد میں جیت ہماری ہوگی۔ اپوزیشن کے عدم اعتماد کی تحریک نے ہماری پارٹی کو دوبارہ کھڑا کر دیا ہے۔ اپوزیشن والے پتلیاں ہیں جو ریموٹ پر چل رہی ہیں۔ حکومت چھوڑنے کیلئے تیار ہوں لیکن کسی صورت این آر او نہیں دونگا۔ چھانگامانگا کا دور ختم ہو چکا ہے۔ عدم اعتماد سے اپوزیشن کی سیاست کا جنازہ نکلے گا۔ اپوزیشن نے دباو میں آکر اپنے کارڈ شو کئے۔ اتحادی بھی ہمارے ساتھ آجائیں گے۔ اپوزیشن کو معلوم نہیں کہ آخر میں انکے ساتھ کتنے اراکین رہ جائینگے۔