Saturday, May 4, 2024

حکومت اور الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات چیلنج کردئیے، انٹرا کورٹ اپیل دائر

حکومت اور الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات چیلنج کردئیے، انٹرا کورٹ اپیل دائر
December 31, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہفتہ کو وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔

انٹراکورٹ اپیل میں الیکشن کمیشن نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ اپیل کو ہفتہ کو سماعت کے لیے مقرر کرے۔

الیکشن کمیشن نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں آج بلدیاتی انتخابات کا انعقاد وقت کی کمی کے باعث ممکن نہیں ہو سکا۔

دریں اثناء مسلم لیگ ن کے رہنماء طارق فضل چودھری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالتی احکامات کا احترام کرتے ہیں تاہم پولنگ کا راتوں رات انعقاد ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت یونین کونسلوں کی تعداد کا تعین وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

دوسری طرف پی ٹی آئی نے الیکشن نہ کرانے پر الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔