Friday, April 26, 2024

حکمران جماعت کو پنجاب میں مشکلات، پرویز الہیٰ کے وزیراعلی بننے کی خبروں پر اراکین کی مبارک باد کے پیغامات

حکمران جماعت کو پنجاب میں مشکلات، پرویز الہیٰ کے وزیراعلی بننے کی خبروں پر اراکین کی مبارک باد کے پیغامات
March 17, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - حکمران جماعت کو پنجاب میں شدید مشکلات کا سامنا ہو گیا۔ پرویز الہیٰ کے وزیراعلی بننے کی خبروں پر پی ٹی آئی پنجاب کے اراکین مبارک باد کے پیغامات بھیجنے لگے۔

ترین گروپ اور ناراض ارکان کے بعد تحریک انصاف کے دیگر ارکان بھی سیاسی مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکمران جماعت کے ارکان حالات کے پیش نظر نئے آشیانے تلاش کرنے لگے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے انکار کے بعد ارکان نے ق لیگ سے امیدیں لگا لیں۔

ذرائع نے بتایا کہ متحدہ اپوزیشن کی پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ کی پیشکش پر پی ٹی آئی ارکان نے انہیں پیشگی مبارکبادیں دی ہیں۔ پی ٹی آئی کے جنوبی اور وسطی پنجاب کے 12 سے 14 ارکان اسپیکر سے رابطے میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق رابطہ کرنے والے ارکان نے چودھری  پرویز الٰہی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ارکان نے آئندہ الیکشن بھی ق لیگ کے پلیٹ فارم سے لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ان ارکان کی خواہش پر انہیں مثبت اشارہ بھی دے دیا۔ اگلے چند دنوں میں مذکورہ ارکان کا چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کا قومی امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رابطہ کرنے والے ارکان کا ترین یا عبدالعلیم گروپ سے تعلق نہیں۔ اس سے قبل ان ارکان نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے معاملات طے کرنے کی کوشش کی۔