Friday, September 20, 2024

حکمران اتحاد کے بڑوں کا آپس میں رابطہ، عمران خان کے دباؤ میں نا آنے پر اتفاق

حکمران اتحاد کے بڑوں کا آپس میں رابطہ، عمران خان کے دباؤ میں نا آنے پر اتفاق
November 12, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - حکمران اتحاد کے بڑوں کا آپس میں رابطہ ہوا جس میں عمران خان کے دباؤ میں نا آنے پر اتفاق کیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے ہوئے۔ ذرائع کےمطابق  رابطوں کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز بھی موجود رہیں۔ نواز شریف کا آصف زرداری، مولانا فضل الرحمٰن، اخترمینگل، خالدمقبول صدیقی اور محمود اچکزئی سے بھی رابطہ ہوا جس میں ملکی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اتحادی حکومت نے ملک میں انتشار اور بدامنی کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہ ہونے دینے کا عزم کیا۔ احتجاج اور لانگ مارچ عمران خان کا حق مگر ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

نوازشریف نے کہا عمران خان ایک انتظامی معاملے کو اپنی سیاست کی نذر کرنا چاہتے ہیں۔ ماضی کی روایات اور قانون کو سامنے رکھتے ہوئے نئی تقرری ہو گی۔ آصف زرداری بولے عمران خان اس تقرری کو متنازعہ بنا کر قومی ریاستی و دفاعی اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا عمران خان ہر ادارے اور اس کی قیادت کو اپنی ہٹ دھرمی کی نذر کرنا چاہتا ہے۔

پی ڈی ایم رہنماؤں نے نئی تقرری کے معاملے پر کوئی دباؤ قبول نہ کرنے پر اتفاق کیا۔ شہباز شریف وطن واپسی پر پی ڈی ایم کا باقاعدہ اجلاس بلا کر سب کو اعتماد میں لیں گے۔ عام انتخابات سمیت دیگر سیاسی فیصلے بھی مشاورت سے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ عمران خان کے قومی سلامتی کے خلاف بیانیے پر قانونی کارروائی تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔