Friday, April 26, 2024

حج درخواستیں یکم مئی سے وصول کی جائیں گی

حج درخواستیں یکم مئی سے وصول کی جائیں گی
April 30, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حج درخواستیں یکم مئی سے وصول کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا کہنا ہے 50 ہزار روپے ٹوکن کے ساتھ درخواست وصول کی جائے گی۔

وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حج درخواستوں کی وصولی کے شیڈول کا اعلان کیا، بتایا کہ پاکستان کے پاس 81 ہزار 132 کا حج کوٹہ آیا ہے۔ 40 فیصد سرکاری اور 60 فیصد پرائیویٹ حج کوٹہ رکھا جائے گا۔ حج درخواستیں آن لائن بھی جمع کرائی جاسکتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سال حج اخراجات بڑھ جائیں گے۔ 7 لاکھ سے 10 لاکھ روپے حج اخراجات ہو سکتے ہیں۔ حج پالیسی کا اعلان ہو گا تو کوشش کریں گے جس حد تک ہم عازمین کو ریلیف دے سکے دینگے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سال سعودی عرب حکومت کی جانب سے حج سے متعلق کافی تاخیر ہوئی اور قلیل وقت میں حج تعلیمات میں کافی مشکلات ہیں تاہم وزارت مذہبی امور سعودی وزارت حج سے مسلسل رابطے میں ہے۔