Friday, April 26, 2024

امریکی انتخابات : پہلا صدارتی مباحثہ ہیلری کلنٹن نے جیت لیا

امریکی انتخابات : پہلا صدارتی مباحثہ ہیلری کلنٹن نے جیت لیا
September 27, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی ٹی وی پول کے مطابق ہیلری کلنٹن کے حق میں باسٹھ فیصد افراد نے رائے دی۔ ڈونلڈٹرمپ کو ستائیس فیصدووٹ ملے۔ ہیلری کلنٹن کہتی ہیں ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمیشہ مسلمانوں کی توہین کی۔ ہماری حکومت نے ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری سے روکا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی امیدواروں میں پہلا مباحثہ ریاست نیویارک کے شہرہیمسٹیڈ کی ہافسٹرا یونیورسٹی میں ہوا۔ امریکہ میں بیروزگاری کم کرنے کے لیے اقدامات کے سوال پر ہیلری نے کہا کہ وہ چھوٹے کاروبار، انفراسٹرکچر ،درمیانے طبقے کی تعلیم اور مہارت پر زیادہ توجہ دیں گی۔ ایک کروڑ نئی ملازمتیں پیدا کریں گے۔ ٹرمپ کے اقتصادی منصوبوں سے مڈل کلاس طبقہ متاثر ہو گا اور قرضوں میں پانچ ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہو جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں بڑھتے ہوئے ٹیکسوں کی وجہ سے امریکی کمپنیاں میکسیکواور دوسرے ملکوں میں جا رہی ہیں۔ امریکی کمپنیوں کی بیرون ملک منتقلی کو روکیں گے۔ اگر یہ کمپنیاںبیرون ملک مصنوعات تیار کریں گی تو امریکہ لانے پر ٹیکس دینا ہو گا۔ چین اپنی کرنسی کی قیمت کم رکھ کر سستی چیزیں بنا رہا ہے۔ ٹرمپ نے ہیلری پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ تیس سال تک سرکاری عہدوں پر رہیں لیکن کچھ نہیں کیا۔ ہیلری باتیں بہت کرتی ہیں کام نہیں کرتیں۔ ہیلری نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ انہوں نے ٹیکس ریٹرنز جاری کیوں نہیں کیے۔ ٹرمپ نے جواب دیا کہ ہیلری اپنی 33ہزار ای میلز جاری کریں تو وہ ٹیکس ریٹرنز جاری کر دیں گے۔ ہیلری نے ذاتی ای میل کے استعمال کو غلطی تسلیم کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری قبول کرلی۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے بعض ایئرپورٹس اور شہری سہولتیں تیسری دنیا کے ملکوں جیسی ہیں۔ ہیلری نے طنزیہ جواب دیا کہ سہولتیں نہ ہونے کی وجہ ٹرمپ کا ٹیکس ادا نہ کرنا ہے۔ ہیلری نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنے تعمیراتی منصوبوں میں کام کرنے والے افراد کو پیسے نہیں دیے۔ ٹرمپ نے جواب دیا کہ مزدوروں کو قانون کے مطابق ادائیگی کردی گئی ہے۔ ہیلری نے کہا کہ نسلی مسائل امریکہ کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں۔ وہ مختلف گروپوں کے درمیان اعتماد بڑھائیں گی۔ پولیس کو طاقت کا استعمال اس وقت کرنا چاہیے جب ضروری ہو۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سیاہ فام جن علاقوں میں رہتے ہیں وہ انتہائی بدترین ہیں۔ ہمیں ملک میں امن و امان چاہیے۔ اوباما کے صدر بننے سے اب تک شکاگو میں 4ہزار افراد قتل ہو چکے ہیں۔