ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.48 فیصد اضافہ
اسلام آباد (92 نیوز) - ملک میں بڑھتی مہنگائی کو بریک نہ لگ سکی، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ چار، آٹھ فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 30 اعشاریہ تین، دو فیصد پر پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی نئی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی صفر اعشاریہ چار، آٹھ فیصد مزید بڑھ گئی جبکہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح تیس اعشاریہ تین، دو فیصد پر آگئی ہے۔
ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوئیں، چینی کی قیمت میں ایک روپے، 20 پیسے کلو اضافہ ہوا، انڈے فی درجن 21 روپے 50 پیسے مہنگے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی کی قیمت میں 12 روپے، 60 پیسے کلو اضافہ ہوا، پیاز 4 روپے، 48 پیسے، آلو ایک روپے، 94 پیسے مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ تازہ دودھ، دہی، چائے کی پتی، لہسن، چاول، بیف اور مٹن کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 9 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں، دال چنا کی قیمت میں 3 روپے، 93 پیسے جبکہ ایل پی جی سلنڈر 9 روپے، 74 پیسے سستا ہوا۔