Friday, April 26, 2024

پشاور : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کا احتجاج

پشاور : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کا احتجاج
October 22, 2016
پشاور (92نیوز) پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹرز اسپتال کے سینئر ڈاکٹر پر قاتلانہ حملے اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے سڑک پر نکل آئے۔ ڈاکٹروں نے اوپی ڈی کا بائیکاٹ کیا اور مریضوں کو وارڈز میں چھوڑ کرجمرود روڈ پر پولیس کےخلاف نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹرز اپنے سینئر ساتھی ڈاکٹر عصمت اللہ پر قاتلانہ حملے اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر سراپا احتجاج بن گئے۔ ڈاکٹروں نے اسپتال کی او پی ڈی کا بائیکاٹ کیا اور وارڈز میں مریضوں کی مسیحائی چھوڑ کر سڑک پر نکل آئے۔ احتجاج میں نرسنگ سٹاف، پیرامیڈکس اور دیگر عملے نے بھی ڈاکٹروں کا ساتھ دیا۔ پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے مسیحا جمرود روڈ پر پہنچے۔ ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث پاک افغان شاہراہ ٹریفک کےلئے بند ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ڈاکٹروں کا مطالبہ تھا کہ ڈاکٹر عصمت پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے ڈاکٹروں میں عدم تحفظ کا احساس ختم کیا جائے۔ فیز تھری چوک کے قریب جمرود روڈ کو کچھ دیر کےلئے بند رکھنے اور احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد چوبیس گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کی مہلت دے کر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔