Wednesday, May 1, 2024

حمزہ شہباز کی حلف برداری کے خلاف انٹرا کورٹ لارجر بینچ کی سماعت 26 مئی تک ملتوی

حمزہ شہباز کی حلف برداری کے خلاف انٹرا کورٹ لارجر بینچ کی سماعت 26 مئی تک ملتوی
May 19, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - حمزہ شہباز کی حلف برداری کے خلاف انٹرا کورٹ لارجر بینچ کی سماعت 26 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں فل بنچ نے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف انٹرا کورٹ درخواست پر سماعت کی۔ سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس، پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق اور امتیاز صدیقی پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آئین کی کس شق کے تحت گورنر حلف لینے سے انکار کر سکتا ہے؟ پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ حلف لینے کی پابندی نئے الیکشن کے ذریعے انتخاب پر لاگو ہوتی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں کہ کیا گورنر حلف لینے سے انکار کر سکتے ہیں ؟ پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ گورنر حلف لینے سے انکار نہیں کر سکتے۔ یہ آئین کو توڑنے کے مترادف ہے۔ یا تو گورنر حلف لے گا یا پھر الیکشن کروانے کا اسپیکر کا لیٹر مسترد کر دے گا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن درست ہوا یا غلط یہ کون طے کرے گا؟ ایڈووکیٹ امتیاز صدیقی نے بتایا کہ یہ عدالت نے طے کرنا ہے لیکن ایک خاص وقت کے لیے گورنر بھی کر سکتا ہے۔ جب گورنر معاملے کو دیکھ رہے ہیں اس وقت عدالت نہیں دیکھ سکتی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ 25 دن تک عدالت نہیں دیکھ سکتی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ یہاں قانون خاموش ہے۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔