حمزہ شہباز کی حلف برداری اور الیکشن کالعدم قرار دینے کی اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی

لاہور (92 نیوز) - حمزہ شہباز کی حلف برداری اور الیکشن کالعدم قرار دینے کی اپیلوں پر سماعت کل بروز بدھ تک ملتوی کر دی گی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے دلائل دیئے کہ 25 ووٹ کم ہونے کے بعد وزیراعلی کا الیکشن غیر قانونی ہے۔ عدالت 10 دن میں دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم دے۔ جن لوگوں نے ووٹ دیا تھا وہ ممبران نہیں رہے، اب دوبارہ جب الیکشن ہو گا تو پانچ مخصوص نشستوں پر نوٹیفیکیشن جاری ہو رہا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم تو اس کو ریورس کر رہے ہیں تو الیکشن تو اسی دن کی لسٹ پر ہو گا۔ یہ پانچ مخصوص نشستیں بھی انہی 25 میں شامل ہیں، نئے پانچ ووٹ اگلے الیکشن کے لیے ووٹ کے اہل ہوں گے۔
مسلم لیگ ق کے وکیل نےمؤقف اپنایا کہ الیکشن عدالت حکم کے مطابق نہیں ہوا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو توہین عدالت کی درخواست دائر کیوں نہیں کی گئی؟ پریذائیڈنگ افسر کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعین کرے کہ 16 اپریل کو حمزہ کو اکثریت حاصل ہے یا نہیں؟سپریم کورٹ نے صرف یہ کہا کہ یہ ووٹ منفی کیے جائیں، یہ نہیں کہا کہ پہلے ڈی نوٹیفائی کریں پھر ووٹ شمار نہیں ہو گا۔ سپریم کورٹ نے کہیں نہیں کہا کہ یہ الیکشن کالعدم ہو گا۔