Friday, April 26, 2024

حکومتی دعوے بےسود، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے سے تجاوز

حکومتی دعوے بےسود، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے سے تجاوز
June 13, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - حکومت کے تمام دعوے بےسود، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا، بجلی کی بندش کا دورانیہ 14 گھنٹے پر پہنچ گیا۔

لوڈشیڈنگ کا جن بوتل میں بند نہ کیا جا سکا، صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ لاہورمیں 5 سے 6 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔

لیسکوحکام کے مطابق لیسکو کا شارٹ فال 800 میگاواٹ ہے، شمالی لاہور کے مختلف علاقوں، غربی لاہور اور گردونواح میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شرقی لاہور، جنوبی لاہور اور وسطی لاہور میں بھی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

طویل لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری پھٹ پڑے،کہا شدیدگرمی میں بجلی کی بندش سے دہری اذیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ گرمی کی وجہ سے بجلی کی طلب بڑھنے کے باعث لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مسائل درپیش ہیں۔

ادھر جنوبی پنجاب میں گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ میپکو ریجن کے مضافاتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا، بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا اجیرن کر دیا۔ بجلی کی مسلسل آنکھ مچولی نے شہریوں کا چین چھین لیا ہے۔

شدید گرمی میں بجلی کی اعلانیہ اورغیراعلانیہ بندش پر شہری شدید غم و غصّے کا اظہار کر رہے ہیں ، شہری کہتے ہیں کہ حکومت لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرے تاکہ انہیں کچھ پل سکون میسر آ سکے۔

ملتان، راجن پور، مظفر گڑھ، بہاولپور، ہارون آباد، جتوئی اور ڈیرہ غازی خان میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے زرعی صارفین بھی پریشان ہیں کیونکہ ان کی فصلیں پانی نہ ملنے سے شدید متاثر ہو رہی ہیں۔