Wednesday, April 24, 2024

حکومتی دعوؤں کے برعکس لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 17 گھنٹے تک پہنچ گیا

حکومتی دعوؤں کے برعکس لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 17 گھنٹے تک پہنچ گیا
June 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھرمیں لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہوگیا، حکومتی دعوؤں کے برعکس لو ڈشیڈنگ کا دورانیہ 17 گھنٹے تک پہنچ گیا، بجلی کا شارٹ فال بھی ساڑھے چھ ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا۔

عوام دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی سے بیزار ہوگئے، چھوٹے بڑے شہروں میں بدترین بجلی بندش سے جینا دشوار ہوگیا، لیکن حکومت پھر بھی لوڈشیڈنگ کو تین گھنٹے تک محدود کرنے کی دعویدار ہے۔

حکومت کے دعوؤں کے برعکس کراچی میں دس گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی کی بندش معمول بن گئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹے کے لئے بجلی بند کی جارہی ہے۔

لاہور میں بارہ گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، کم وولٹیج اور ٹرانسفارمر خراب ہونے سے مشکلات مزید بڑھ گئیں، بعض علاقوں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی۔ لیسکو کے اکثر ایکسین اور ایس ڈی اوز نے صارفین کی کال موصول کرنا ہی بند کردی۔

پشاور کے مضافاتی علاقوں میں 17 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد کے شہر بھی دن بھر بغیر بجلی کے تڑپتے رہے۔

پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 629 میگاواٹ ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔