Friday, April 19, 2024

حکومتی اتحادی شاہ زین بگٹی کا وفاقی کابینہ کو چھوڑنے کا اعلان

حکومتی اتحادی شاہ زین بگٹی کا وفاقی کابینہ کو چھوڑنے کا اعلان
March 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - جمہوری وطن پارٹی کے رہنماء نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے وفاقی کابینہ کو چھوڑنے اور اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اتوار کے روز چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ کئے وعدے پورے نہیں کئے، ہم پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔ اپوزیشن پر تنقید اخلاقیات سے باہر ہے۔

شاہ زین بگٹی بولے کہ ملکی سیاسی موجودہ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، حکومت نے ماسوائے وعدووں کے کچھ نہیں کیا، بلوچستان پُرامن ہوا، حکومت اپنی طرف سے کچھ نہیں کرسکتی۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پسماندہ علاقوں  کی ترقی کا کہا تھا، مجھے جو ٹاسک ملا تھا میں نے ایمانداری کے ساتھ نبھایا۔ میں نے حکومت چھوڑ دی مگر کسی کے بارے میں غلط الفاظ استعمال نہیں کروں گا۔ وزیراعظم بہتربتا سکتے ہیں انہوں نے کس علاقے کو ترقی دی؟ مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کا ہم پر اعتماد ہے، جس کو ٹھیس پہنچی ہے۔

چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شاہ زین بگٹی کے شکر گزار ہیں، ملک آج ایک دوہرائے پر کھڑا ہے، پاکستان اور جمہوریت کے مستقبل پر سوال اُٹھ رہے ہیں۔ عوام پارلیمان کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ شاہ زین بگٹی کا کابینہ چھوڑنے کا فیصلہ بہادرانہ ہے۔