اسلام آباد (92 نیوز) - حاجی غلام علی گورنر خیبرپختونخوا تعینات ہو گئے۔ صدرمملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر تعیناتی کی منظوری دی۔
سابق سینیٹر حاجی غلام علی کا تعلق جے یو آئی ف سے ہے۔ خیبرپختونخوا کے گورنر کا عہدہ 10 اپریل سے خالی تھا۔ صدر مملکت نے منظوری آئین کے آرٹیکل 101، ایک کے تحت دی۔ جمعیت علمائے اسلام ف کےسربراہ مولانا فضل الرحمان نے حاجی غلام علی کو نامزد کیا تھا۔
چھ ماہ سے خیبرپختونخوا کا گورنر نہ ہونے کے بعد وفاق نے خیبرپختونخوا کا نیا گورنر تعینات کا فیصلہ کیا۔ پی ڈی ایم کی جماعتوں نے جے یو آئی کے حاجی غلام علی کے نام پر اتفاق کیا۔ حاجی غلام علی مولانا فضل الرحمان کے سمدھی ہیں اور پشاور کے ناظم بھی رہ چکے ہیں ۔ گورنر خیبرپختونخوا کا عہدہ شاہ فرمان کے استعفیٰ کے بعد سے خالی تھا۔