Wednesday, May 8, 2024

مُسلم ملک متحد رہیں، کسی جنگ یا بلاک کا حصہ نہ بنیں، وزیراعظم عمران خان

مُسلم ملک متحد رہیں، کسی جنگ یا بلاک کا حصہ نہ بنیں، وزیراعظم عمران خان
March 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان نے اُمت مُسلمہ کو اِتحاد کا پیغام دیتے ہوئے کہا مُسلم ملک متحد رہیں، کسی جنگ یا بلاک کا حصہ نہ بنیں۔

وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں مسلمانوں کے اجتماعی مسائل اجاگرکرتے ہوئے مسلم اُمہ کو جھنجوڑنے کی کوشش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اُمت مسلمہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے حل کرنے میں ناکام رہے، انہوں نے کہا جب تک متحد ہو کر قدم نہیں اٹھائیں گے مسلمانوں کا کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ اکثریت کو اقلیت میں بدلا جارہا ہے، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات ہے، دہشت گردی کو مسلمانوں سے جوڑنا قابل مذمت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا اسلامو فوبیا کے واقعات پر خاموش رہی، اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلا ف عالمی دن قرار دیا جس پر خوش ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں بحران عالمی پابندیوں کی وجہ سے ہے، دنیا افغانستان کو تنہا نہ چھوڑے، وزیراعظم نے کہا چین اور مسلم بلاک مل کر یوکرین کی جنگ بند کرانے کی کوشش کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ موبائل فون پر موجود جنسی مواد نسلیں تباہ کر رہا ہے، بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، سوشل میڈیا انقلاب کے نقصانات تیزی سے معاشرے کو تباہ کر رہے ہیں جس کی روک تھام کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 70 فیصد خواتین کو وراثت میں حقوق حاصل نہیں تھے، ہم نے قانون سازی کے ذریعے خواتین کے وراثت میں حقوق کو یقینی بنایا۔