Sunday, September 8, 2024

غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری

غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری
November 18, 2023 ویب ڈیسک

واشنگٹن / ایتھنز (92 نیوز) - غزہ میں اسرائیل کے بڑھتے مظالم اور حملوں کے خلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، امریکا میں جوڑا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شادی کے دوران ہی مظاہرے میں پہنچ گیا۔

صہیونی ریاست اسرائیل نے ثابت کیا کہ وہ انسانیت کے نام پر ایک بدنما دھبہ ہے، غزہ میں زخموں سے بلکتے بچے، علاج کرنے والا طبی عملہ، جنگ کے حقائق دنیا کے سامنے لانے والے صحافی، کوئی بھی محفوظ نہیں۔ انخلا کرتے قافلوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

امریکی حکومت کو تو ہوش نہیں آرہا لیکن شہریوں کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت میں روز بروز مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ واشنگٹن میں طبی عملے نے مظاہرہ کیا جس میں اسرائیلی حملوں کو رکوانے کا مطالبہ کیا۔

امریکا میں دوسرے احتجاج میں ایک جوڑا تو شادی کے دوران ہی غزہ کے معصوم بچوں اور شہریوں کی حمایت میں مظاہرے میں پہنچ گیا۔

یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں بھی اسرائیل کے خلاف مارچ کیا گیا، جس میں 25 ہزار افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے آزاد فلسطین کے نعرے بلند کیے، شرکا نے فلسطینی جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں فوری جنگ بندی کے الفاظ درج تھے۔

ادھر اٹلی میں بھی شہریوں نے اسرائیلی بربریت رکوانے کا مطالبہ کیا، احتجاج کے طور پر مشہور پیسا ٹاور پر فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا، مظاہرین نے عالمی برادری سے اسرائیل کے جنگی جرائم رکوانے کا مطالبہ کیا۔