Thursday, April 25, 2024

گیس نہ ہونے کے باعث منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، وزیراعظم

گیس نہ ہونے کے باعث منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، وزیراعظم
June 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے گیس نہ ہونے کے باعث منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔

وزیراعظم نے ٹرن آراؤنڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی اصل منزل خودانحصاری ہے۔ یہ حکومت کسی ایک جماعت کی نہیں اتحادی جماعتوں کی ہے۔ ریکوڈک میں اربوں ڈالر کا خزانہ ہے لیکن ہم ایک پیسہ نہیں کما سکے۔ پاکستان میں وسائل اور ہنرمند افراد کی کمی نہیں ہے۔ وسائل کے باوجود پاکستان قرضوں میں ڈوب چکا ہے۔ ساڑھے 12 سو میگاواٹ کا حویلی بہادر شاہ منصوبہ دوسال پہلے مکمل ہونا چاہئے تھا۔ منصوبے سےصنعتیں چلنی تھیں۔ کسانوں کو وافر مقدار میں پانی میسر ہونا تھا۔ منصوبے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملنا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف بولے خودانحصاری ہی ملک وقوم کی سیاسی و معاشی خود مختاری کی ضمانت ہے۔ بنگلادیش میں 6 ارب ڈالر سے بڑا انفرا اسٹرکچر بنایا گیا۔ گوادر میں منصوبوں کیلئے 123 ملین ڈالر موجود ہیں لیکن بزیبیلٹی نہیں بنی۔ نوازشریف کے شروع کئے گئے منصوبے اب تک تاخیر کا شکار ہیں۔ 75 سال میں ہم نے صرف باتیں کیں۔ انہوں نے کہا دنیا بھر میں تیل، کوئلہ اور گیس کی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں۔ گزشتہ حکومت نے گیس کے سستے اور لانگ ٹرم معاہدے نہیں کئے۔ مقدمات کی مد میں ہم نے اربوں روپے ضائع کئے۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا  بنگلادیش نے کسی جادو سے نہیں محنت سے ترقی کی۔ امید ہے جولائی میں افغانستان سے بہترین کوئلہ ملنا شروع ہو جائے گا۔ افغانستان سے معاہدہ پاکستانی روپے میں کیا۔ دو ارب ڈالر کا امپورٹ بل کم ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا زراعت میں انویسٹمنٹ سے چند ماہ میں فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ چین اور آئی ایم ایف نے مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ بیرونی امداد سے ملنے والی رقم ارب دفاتر کے خرچوں پر ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ ہمارے پاس صرف 14 ماہ کا وقت ہے، زیادہ سبز باغ نہیں دکھاؤں گا۔ قلیل وقت میں دن، رات محنت کرکے ملک کو خودمختاری کی طرف گامزن کریں گے۔